نئی دہلی: کیجریوال حکومت کے تمام چائلڈ کیئر ہوم میں بچوں کو بہترین دیکھ بھال اور سہولیات ملنی چاہئیں اس سلسلے میں خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر آتشی نے محکمہ کے افسران کو فوری طور پر تمام چائلڈ کیئر ہومز کا معائنہ کرنے کا حکم جاری کیا ہے دہلی کی وزیر برائے بہبود خواتین و اطفال آتشی نےلاجپت نگر میں واقع چائلڈ کیئر ہوم کے اچانک دورے کے بعد یہ حکم جاری کیا، جہاں معائنہ کے دوران وزیر آتشی کو کئی طرح کی لاپرواہیوں کا پتہ چلا۔
اس سلسلے میں خواتین و اطفال کی ترقی کی وزیر نے افسران کی سرزنش کرتے ہوئے انہیں دہلی حکومت کے زیر انتظام تمام چائلڈ کیئر ہومز کا معائنہ کرنے اور 15 مئی تک اپنا کام مکمل کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ۔ انہوں نے حکم نامے میں کہا کہ چائلڈ کیئر ہوم میں آنے والے بچے تاریک ماضی سے گزر چکے ہیں اور انہیں خصوصی دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔ انہیں ایسے ماحول میں رہنے کی ضرورت ہے جو انہیں اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے سکے۔اس طرح ان بچوں کو باوقار زندگی گزارنے کا موقع فراہم کرنا اور ان کی تعلیم کو جاری رکھنا کیجریوال حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
آتشی نے افسروں کو حکم دیا کہ وہ معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے حساس طریقے سے کام کریں کہ بچوں کے گھروں کی اچھی طرح دیکھ بھال کی جائے اور بچوں کی بہترین دیکھ بھال اور سہولیات فراہم کی جائیں۔' آرڈر میں وزیر آتشی نے محکمے کو حکم دیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ان چائلڈ کیئر ہومز کا معائنہ کیا جائے تاکہ وہاں رہنے والے بچوں کی زندگیوں کو متاثر کرنے والی ہر چھوٹی چیز کا پتہ لگایا جا سکے اور ایک تفصیلی رپورٹ 15 مئی تک ان کے حوالے کر دی جائے۔