دہلی: عام آدمی پارٹی کی اساتذہ تنظیم، دہلی ٹیچر ایسوسی ایشن (ڈی ٹی اے) کے انچارج ڈاکٹر ہنسراج سمن نے آج کہا کہ دہلی یونیورسٹی سے وابستہ کالجز میں معذور افراد کے لئے سہولیات کا فقدان ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'یو جی سی کی ہدایات کے باوجود بھی تقریبا 80 فیصد کالجوں اور دیگر محکموں میں معذور/ دیبیانگ افراد کے لئے کوئی سہولیات مہیا نہیں کرائی گئی ہے۔
ڈاکٹر ہنسراج سمن کا کہنا ہے کہ تمام کالجوں میں ٹیکٹائل فلورنگ، ریمپس، لفٹ، بریل سگنل، بریل پرنٹرز، کمپیوٹر، لیپ ٹاپ، وائس سگنل، ریلنگ، ریسورس روم، ریسٹ رومز اور اسپیشل وہیل چیئر معذوروں لئے موجود ہونے چاہئے، جو نہیں ہے، اس کے سبب معذوروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 'دہلی یونیورسٹی میں تقریبا دو ہزار طلباء 300 اساتذہ اور 200 ملازمین معذور زمرے میں کام کر رہے ہیں۔ اس لئے یونیورسٹی اور کالج کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ ان کو ترجیح دے، لیکن اس کے برعکس کالجز کے پرنسپل یو جی سی کی جانب سے گرانٹ ملنے کے بعد بھی ان کے لئے سہولیات مہیا کرانے سے قاصر ہیں۔
ڈاکٹر ہنسراج سمن نے کہا ہے کہ معذور افراد کو خصوصی سہولیات کے لئے 1995 میں معذور ایکٹ بنایا گیا تھا، لیکن آج تک اس ایکٹ پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔