نئی دہلی:کمبوڈیا کے بادشاہ نورودوم سیہامونی بھارت کے اپنے پہلے سرکاری دورے پر پیر کے روز نئی دہلی پہنچے۔ ان کا استقبال وزیر مملکت برائے امور خارجہ راج کمار رنجن سنگھ نے کیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ کمبوڈیا کے بادشاہ نورودوم کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تہذیبی روابط کو مزید مضبوط بنانے کا ایک موقع ہے۔ کمبوڈیا کے بادشاہ کا دورہ تقریباً چھ دہائیوں کے بعد ہورہا ہے۔ اس سے پہلے 1963 میں بادشاہ نورودوم سیہانوک نے دورہ کیا تھا جو موجودہ بادشاہ کے والد ہیں۔ شاہ نورودوم سیہامونی صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی دعوت پر بھارت کا دورہ کر رہے ہیں۔
منگل کی صبح وہ بھارت میں اپنی مصروفیات کا آغاز راشٹرپتی بھون میں ایک رسمی استقبال سے کریں گے، جس کے بعد وہ مہاتما گاندھی کی سمادھی پر پھول چڑھانے کے لیے راج گھاٹ روانہ ہوں گے۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر ہوٹل اوبرائے میں بادشاہ سے ملاقات کریں گے، اس کے بعد نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ بھی ان سے ملاقات کریں گے۔ شام کو راشٹرپتی بھون میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دوطرفہ میٹنگ ہوگی، اس کے بعد صدر جمہوریہ مرمو کے ساتھ رسمی ملاقات ہوگی۔ راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ کی طرف سے ان کے اعزاز میں ایک سرکاری ضیافت بھی ہوگی۔ کمبوڈیا کے بادشاہ بدھ کی صبح واپس اپنے ملک روانہ ہوجائیں گے۔