نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر بزرگوں کو ٹرین کے سفر میں 50 فیصد رعایت کو بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔ پیر کو وزیر اعظم کو لکھے ایک خط میں کیجریوال نے کہا کہ ملک کے بزرگوں کو پچھلے کئی سالوں سے ریل سفر میں 50 فیصد تک کی رعایت مل رہی تھی۔ ملک کے کروڑوں بزرگ اس سے مستفید ہو رہے تھے۔ آپ کی حکومت نے یہ استثنیٰ ختم کر دیا ہے جو کہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ حال ہی میں آپ کی حکومت نے لوک سبھا میں بتایا کہ ریل سفر میں بزرگوں کو دی جانے والی رعایت کو بند کر کے سالانہ 1600 کروڑ روپے کی بچت ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’کئی بار ہمیں گھمنڈ ہوتا ہے کہ ہمیں زندگی میں جو کچھ بھی ملا ہے وہ ہماری محنت کا نتیجہ ہے، لیکن ایسا نہیں ہے۔ ہماری ترقی میں ہمارے بزرگوں کا احسان ہے۔ کوئی بھی فرد، کوئی معاشرہ یا کوئی ملک ان کی مہربانیوں کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔
انہوں نے خط میں کہا کہ یہ پیسے کی بات نہیں ہے۔ نیت کی بات ہے۔ اگر دہلی حکومت اپنے 70 ہزار کروڑ کے بجٹ میں سے 50 کروڑ روپے بزرگوں کی زیارت پر خرچ کر دے تو دہلی حکومت غریب نہیں ہو جاتی۔ آنے والے سال میں مرکزی حکومت 45 لاکھ کروڑ روپے خرچ کرے گی۔ اس میں بزرگوں کے ریل سفر میں چھوٹ پر صرف 1600 کروڑ خرچ ہوتے ہیں۔ یہ مقدار سمندر میں ایک قطرہ کے برابر ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ انہوں نے کئی بزرگوں سے بات کی۔ ریل سفر میں دی جانے والی یہ چھوٹی رعایت ان کے لیے بہت معنی رکھتی ہے۔ بزرگوں کے تئیں حساسیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے اس رعایت کو جلد از جلد بحال کرنے پر زور دیا ہے۔