نئی دہلی: دہلی کے جنتر منتر پر پہلوانوں کی ہڑتال جاری ہے۔ اس دوران دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال احتجاجی مقام پر پہنچے اور احتجاجی پہلوانوں سے ملاقات کی۔ پہلوانوں سے ملاقات کے بعد کیجریوال نے کہاکہ یہ جگہ بہت مقدس ہے، سنہ 2011 میں ہم نے یہیں سے تحریک کا آغاز کیا اور ملک کی سیاست کا رخ بدل دیا۔ یہ پہلوان یہیں سے ملک کے کھیلوں کا نظام بدل دیں گے۔
کیجریوال نے کہا کہ ہمارے ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی گذشتہ ایک ہفتے سے جنتر منتر پر احتجاج کر رہے ہیں، کیونکہ حکومت کے ایک سینئر لیڈر نے ان بیٹیوں کے ساتھ غلط کیا ہے۔ یہ بہت افسوسناک ہے، عام خواتین نہیں ہیں، انہوں نے اپنی محنت سے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ ساری دنیا نے اسے دیکھا ہے۔ اگر کسی نے ان کے ساتھ ظلم کیا تھا تو ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے سزا دلانے کے لیے انہیں یہاں احتجاج کرنا پڑا۔ ہمارے معاشرے میں کسی بھی لڑکی کے لیے کھیلوں میں نام کمانا کتنا مشکل ہے۔ میں ان پہلوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ میں کہنا چاہتا ہوں کہ ملک سے محبت کرنے والا ہر بھارتی آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔ کوئی بھی جو چاہتا ہے کہ ہمارا ملک اولمپکس میں بہتر کرے وہ آپ کے ساتھ ہے، آپ اکیلے نہیں ہیں۔'