دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے پیر کو ملک کے پہلے اسموگ ٹاور کا افتتاح کیا تاکہ "آلودگی کے خلاف جنگ" کو زیادہ موثر اور دہلی کو آلودہ ہوا سے پاک بنایا جائے۔ دہلی کے بابا کھڑک سنگھ مارگ پر نصب اسموگ ٹاور کا افتتاح کرنے کے بعد دہلی کے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ آلودگی کے خلاف جنگ میں دہلی نے ملک کا پہلا اسموگ ٹاور شروع کیا ہے۔ امریکی ٹیکنالوجی سے تیار یہ اسموگ ٹاور ہوا میں آلودگی کی مقدار کو کم کرے گا۔ اگر پائلٹ بنیادوں پر شروع کئے گئے اس پروجیکٹ کے نتائج بہتر نکلے تو پھر اس طرح کے مزید اسموگ ٹاور پورے دہلی میں نصب کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج تک ملک میں ایسے ٹاور لگاکر آلودہ ہوا کو صاف کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔ ہمارا یہ نیا قدم سنگ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ ٹیکنالوجی امریکہ سے درآمد کی ہے۔ یہ 24 میٹر اونچا ٹاور ہے۔ یہ اسموگ ٹاور اوپر سے ایک کلومیٹر کے دائرے سے ہوا نکالے گا اور پھر اس ہوا کو صاف کرے گا۔ اس کے بعد جو پنکھا نیچے نصب ہے ، یہ پنکھا خالص ہوا کو نیچے چھوڑے گا۔ اس کی گنجائش تقریبا ایک ہزار کیوبک میٹر فی سیکنڈ ہے۔ یعنی یہ اسموگ ٹاور ایک ہزار کیوبک میٹر ہوا فی سیکنڈ صاف کرے گا اور اسے باہر چھوڑ ے گا۔ توقع ہے کہ یہ ایک کلومیٹر کے دائرے میں ہوا کو صاف کر سکے گا۔