نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے سیلاب سے متاثرہ چھ اضلاع میں لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ذمہ داری اپنی کابینہ کے چھ وزراء کو سونپی ہے۔
عام آدمی پارٹی کے کنوینر مسٹر کیجریوال نے ہفتہ کی شام کابینہ کے وزراء کی ہنگامی میٹنگ کرکے دہلی میں جمنا کے پانی کی سطح میں اضافہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں کابینی وزراء کیلاش گہلوت، سوربھ بھاردواج، آتشی، راجکمار آنند، گوپال رائے اور عمران حسین کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یہ وزراء اپنے ضلع میں لوگوں کے لیے لگائے گئے ریلیف کیمپوں میں خوراک، پانی، بجلی اور طبی سہولیات سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور اس ضلع کے افسران متعلقہ وزیر سے احکامات لے کر انہيں رپورٹ کریں گے۔
میٹنگ کی تفصیلات بتاتے ہوئے دہلی کے آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے وزیر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ وزیر اعلی کیجریوال نے مختلف محکموں سے جمنا کے پانی کی سطح میں اضافے کی وجہ سے دہلی کے اندر پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور اس پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ دہلی حکومت نے چھ اضلاع میں وسیع پیمانے پر ریلیف کیمپ لگائے ہیں۔