دہلی:دہلی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر کلیم الحفیظ نے جماعت اسلامی ہند کے سابق امیر اور مشہور عالم دین مولانا سید جلال الدین عمری کی رحلت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا سید جلال الدین عمری کی رحلت ملت اسلامیہ ہند کے لیے بڑا خسارہ ہے اور ہم جماعت اسلامی ہند اور مولانا مرحوم کے اہل خانہ اور محبین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ Maulana Jalaluddin Umri
کلیم الحفیظ نے کہا کہ مولانا نے نہ جماعت اسلامی ہند کو اپنی خدمات کے ذریعہ اونچائیوں تک پہنچایا بلکہ ان کا بڑا کارنامہ یہ ہے کہ انھوں نے ملک میں بڑھتے نفرت کے ماحول کے درمیان خاص طور پر ایسے پروگرام مرتب کئے جن کے ذریعہ ملک میں ہم آہنگی اور بھائی چارہ کو فروغ ملا۔ مولانا مرحوم خاندانی امور بچوں کی تربیت، شادی، خانہ داری اور سماج میں تعلقات کو لے کر اسلامی تعلیمات کے ماہر تھے اور جمعہ و عیدین کے خطبات اور تحریروں میں خاص طورپر رہنمائی فرماتے تھے۔مولانا عمری 50 سے زیادہ کتابوں کے مصنف تھے۔کلیم الحفیظ نے کہا کہ مولانا کو ہمیشہ اس بات کے لیے یاد رکھا جائے گا کہ انھوں نے ملت کی تنظیموں کے درمیان اتحاد پر خاص طور پر کام کیا اور کوشش کی کہ ملکی امور میں مسلم تنظیموں کا موقف ایک ہو۔مولانا کی پوری زندگی اسلامی مشن اور تحریک اسلامی کی آبیاری میں گزری۔ان کو ملی خدمات،اسلامی علوم میں مہارت اور قائدانہ صلاحیت کے مد نظر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ میں نائب صدر کی ذمہ داری بھی دی گئی تھی۔ Kaleem Hifzullah expressed over the demise of Maulana Umri