جسٹس ایس اے بوبڈے کی سبکدوشی کے بعد آج ان کی جگہ جسٹس این وی رمنا نے لے لی ہے، اب رمنا بھارت کے نئے چیف جسٹس ہوگئے ہیں۔
صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی سفارش کو قبول کرتے ہوئے جسٹس این وی رمنا کو بھارت کا 48 واں چیف جسٹس متعین کردیا ہے۔ جسٹس این وی رمنا کی مدتِ کار اگلے سال 26 اگست تک رہے گی۔
17 فروری 2014 کو سپریم کورٹ میں شمولیت اختیار کرنے سے پہلے جسٹس این وی رمنا دِلیہائی کورٹ کے چیف جسٹس تھے۔
خیال رہے کہ چیف جسٹس کے عہدے کے لئے موجودہ چیف جسٹس ایس اے بوبڈے نے عدالت عظمی کو سینیئرجج جسٹس این وی رمنا کا نام بھیجا تھا۔ 23 اپریل یعنی گذشتہ کل ایس اے بوبڈے اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے۔
جسٹس این وی رمنا 27 اگست 1957 کو ریاست آندھرا پردیش کے پنورم نامی گاوں میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے سائنس اور قانون میں گریجویشن کیا اور اپنے خاندان میں پہلے وکیل بنے۔
انہیں 10 فروری 1983 کو بار کونسل میں ایک وکیل کے طور پر نامزد کیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے آندھرا پردیش ہائی کورٹ، مرکز کے زیر انتظام قانونی اداروں ،آندھرا پردیش کے متعدد قانونی مراکز اور ملک کی سب سے بڑی عدالت میں پریکٹس کی۔
وہ بھارت کے ریلوے سمیت متعدد سرکاری تنظمیوں کے لئے پینل وکیل کے طور پر بھی اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہیں سول اور کریمنل جیسی دفعات میں خصوصی عبور حاصل ہے۔ انہیں بین ریاستی ندی تنازعات اور انتحابات سے متعلق معاملات سمیت دیگر شعبوں بھی میں وکالت کا تجربہ ہے۔ انہیں 27 جون 2000 کو آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے مستقل جج کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔