ملک بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے بچنے کے لیے تمام مذہبی مقامات پر پابندی کے بعد آج دہلی کی شاہی جامع مسجد میں جمعہ کی نماز ادا کی گئی، حالانکہ اس دوران مسجد کے دروازے عام نمازیوں کے لیے اسی طرح بند رہے جس طرح گزشتہ جمعہ کو بند کیے گئے تھے۔
تاہم اس بار نماز جمعہ کی امامت نہ تو شاہی امام احمد بخاری نے کی اور نہ ہی نائب امام سید شعبان بخاری نے بلکہ مسجد کے تیسرے امام اویس نے پڑھائی۔
اس دوران مسجد کے باہر بھاری پولیس بل تعینات کیا گیا تھا، جوعوام کو سمجھا رہا تھا کہ مسجد میں نماز پر پابندی لگائی گئی ہے، اس لیے آپ اپنے گھروں میں جاکر نماز ادا کریں۔
آپ کو بتا دیں کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب دہلی کی شاہی جامع مسجد میں جمعہ کی نماز ادا نہیں کی گئی ہے اس سے قبل سنہ 1975 میں جب ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی اس دوران امام احمد بخاری کے دادا کو جب پولیس نے گرفتار کیا تھا تب بھی احتجاجاً جمعہ کی نماز ادا نہیں کی گئی تھی۔