نئی دہلی:دارالحکومت دہلی میں واقع جامعہ ملیہ اسلامیہ کی جانب سے اسپیشل اولمپکس کے کھلاڑیوں کے لئے ڈینٹیل چیک اپ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔یہ کھلاڑی کھیل کے متنوع شعبوں سے تھے اور وہ 2023 میں برلن،جرمنی منعقد ہونے والے اسپیشل اولمپکس ورلڈ سمر گیمز میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔ اس پروگرام کا مقصد ایتھلیٹس کو جامع ڈینٹل نگہ داشت کے ساتھ ساتھ ان میں منھ کی صحت کے تئیں بیدار کرنا بھی تھا۔دانتوں کے ماہرین (ڈاکٹر پنچالی بترا،ڈاکٹرادیتی ورما،ڈاکٹر سنجے مگلانی،ڈاکٹر مندیپ کور، ڈاکٹر مادھوری، ڈاکٹر سید انصاری)نے ایتھلیٹس کوضروری ڈینٹل نگہ داشت کے ساتھ ساتھ اس کے تئیں بیداری کو یقینی بنانے کے لیے اس پروگرام کا انعقاد کیا تھا۔
ڈینٹسٹری فیکلٹی کی ڈین پروفیسر کیا سرکار نے ایتھلیٹس کا ان کے گارجین اور کوچوں کے ساتھ استقبا ل کیا۔اس موقع پر انھوں نے دانتوں کی صفائی و ستھرائی کو برقرار رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ دانتوں کی صفائی اور ان کی نگہ داشت کے تئیں بیداری سے متعلق اس مختصر اجلاس کا مقصد ایتھلیٹس کو اس کے متعلق معلومات سے آراستہ کرنے کے ساتھ ہی منھ کی خوش گوار صحت کو فروغ دینا بھی تھا جس کے بعد ورلڈ سمر گیمز دوہزارتئیس کے لیے ان کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔