ریاستی الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق ریاست کی 13 اسمبلی نشستوں پر چترا، گملا، بشن پور، لوہردگا، منیكا، لاتیہار، پانكی، ڈالٹن گنج، بشرام پور، چھترپور، حسین آباد، گڑھوا اور بھوناتھ پور میں چند تشدد کے واقعات کو چھوڑ کر سخت سکیورٹی انتظامات کے درمیان پرامن طریقے سے ہوئی پولنگ تین بجے ختم ہوئی۔
اس دوران تقریباً 62.87 فیصد رائے دہندگان نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
سب سے زیادہ پولنگ ووٹ گملا اسمبلی حلقہ میں ہوئی جہاں تقریباً 67 فیصد رائے دہندگان رائے دہی کیا وہیں چترا اسمبلی نشست پر 56.59 فیصد، بشن پور میں 67.04 فیصد، لوہردگا میں 64.16 فیصد، لاتیہار میں 61.26 فیصد، پانكی میں 64.10 فیصد، ڈالٹن گنج میں 63.90 فیصد، بشرام پور میں 61.60 فیصد، چھتر پور میں 62.30 فیصد، حسین آباد میں 60.90 فیصد، گڑھوا میں 66.04 فیصد بھوناتھ پور میں 65.52 فیصد اور منیكا میں 57.61 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق رائے دہندگان نے کافی جوش و خروش کے ساتھ پولنگ میں حصہ لیا جبکہ پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد بھی ووٹ دینے کے لیے لوگ قطار میں کھڑے نظر آئے جس سے پولنگ فیصد میں اضافے کا امکان ہے۔
تمام پولنگ مراکز پر معذوروں اور بزرگوں کے لیے بھی بہتر انتطامات کئے گئے تھے جس سے ان میں خوشی دیکھی گئی اور انہوں نے انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے خصوصی انتظامات کی تعریف کی۔
اس دوران نکسلیوں نے گملا اور لاتیہار ضلع کی سرحد سے منسلک بشن پور اسمبلی حلقہ میں گھاگھرا۔كٹھوكوا سڑک پر بم دھماکہ سے ایک پل کو منہدم کر دیا جس کے بعد پولنگ کے دوران سکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکار فوراً موقع پر پہنچ گئے، اگرچہ اس دھماکے میں کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔