نئی دہلی:عیدالاضحی کے موقع پر مسلمانان ہند کے نام اپنے ایک پیغام میں جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے کہا ہے کہ اسلام میں قربانی کا کوئی بدل نہیں ہے، یہ ایک مذہبی فریضہ ہے، جس کی ادائیگی ہر صاحب حیثیت مسلمان پر واجب ہے، اس لئے جس شخص پرقربانی واجب ہے اسے ہرحال میں یہ فریضہ ادا کرنا چاہئے۔ مولانا مدنی نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر یہ ضروری ہے کہ مسلمان اپنے طور پر احتیاطی رویہ اختیار کریں۔ تشہیر اور خاص طور پر سوشل میڈیا پر قربانی کے جانوروں کی تصویریں وغیرہ شیئر کرنے سے گریز کریں۔
مولانا مدنی نے یہ بھی مشورہ دیا کہ مسلمان قربانی کرتے وقت حکومتی ہدایات کی مکمل طور پر پاسداری کریں۔ ممنوعہ جانوروں کی قربانی سے بچیں اور چونکہ مذہب میں اس کے بدلے کالے جانور کی قربانی جائز ہے اس لئے کسی بھی فتنہ سے بچنے کے لئے اسی پر اکتفا کیا جانا بہتر ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی جگہ شرپسند عناصر کالے جانور کی قربانی سے بھی روکتے ہیں تو سمجھدار اور بااثر افراد کے ذریعہ مقامی انتظامیہ کو اعتماد میں لیکر قربانی کی جائے، اگر پھر بھی خدانخواستہ اس مذہبی فریضہ کی ادائیگی کا کوئی راستہ نہ نکلے تو جس قریبی آبادی میں کوئی دشواری نہ ہو وہاں قربانی کرا دی جائے، البتہ جس جگہ قربانی ہوتی آئی ہے اور فی الحال دشواری ہے وہاں کم از کم بکرے کی قربانی ضرور کی جائے اور انتظامیہ کے دفتر میں اس کا انداراج بھی کرا دیا جائے تاکہ مستقبل میں کوئی دشواری نہ ہو۔