رانچی:حال ہی میں جمعیت علماء ہند کے ایک وفد نے جھارکھنڈ کی دار الحکومت رانچی میں ہوئے تشدد اور اس سے متاثر ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور جمعیت کی جانب سے ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ اس پورے معاملے پر ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے جمعیت علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی سے بات کی جس میں انہوں نے بتایا کہ رانچی میں پولیس نے مظاہرین کے ساتھ جو سلوک کیا ہے، وہ افسوسناک ہے۔ Maulana Hakimuddin Qasmi On Ranchi Violence
مولانا حکیم الدین قاسمی نے بتایا کہ رانچی دورے کے دوران ان کے وفد نے مدثر کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے ان کے غم میں شریک ہوئے، وہیں جب جمعیت کے وفد نے زخمیوں سے ملاقات کرنے کی کوشش کی تو انہیں نہیں ملنے دیا گیا۔ ان کے مطابق پولیس ہر ممکن کوشش کی کہ ہمارا وفد کسی سے بھی نہ مل سکے۔ مولانا نے مزید بتایا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ رانچی کی پولیس کیا چھپانے کی کوشش کر رہی تھی۔ ہماری زخمیوں سے یا ان کے اہل خانہ سے ملاقات نہیں ہو سکی، البتہ جمعیت کی جانب سے ایک لیگل سیل ضرور تشکیل دیا گیا ہے، جو متاثرین کی قانونی لڑائی لڑے گا۔