دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی کی سربراہی میں ایک وفد آج گاؤں مہرانا تحصیل تجارہ ضلع الور پہنچ کر ماب لنچنگ کے شکار ہوئے مرحوم وکیل احمد کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود مدنی کی طرف سے تعزیتی پیغام پیش کیا اور ان کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کی۔
مرحوم کی اہلیہ پیروں سے معذور ہے اور مرحوم کی تین چھوٹی چھوٹی بیٹیاں عمائسہ، اقصی اور ایسمینہ ہیں، جن بچیوں کے مستقبل کو ایک بار پھر فرقہ پرست خونی درندوں نے تاریک کر دیا ہے۔ وکیل احمد ضلع الور کی تحصیل تجارہ میں خراد ویلڈنگ کا کام کرتے تھے، 8 ستمبر 2023 کی رات کو اپنی دکان سے گھر لوٹتے ہوئے راستے میں تقریباً آٹھ بجے کچھ شرپسندوں نے اس کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر نیچے گرا دیا اور پھر لاٹھی ڈنڈوں اور لوہے کی راڈ سے مارا اور مردہ سمجھ کر فرار ہوگئے، اس کے بعد کسی راہگیر نے ان کو ہسپتال منتقل کیا جن کی جے پور میں علاج کے دوران موت ہوگئی-
مولانا حکیم الدین قاسمی نے اپنے بیان میں بتایا کہ ہم راجستھان سرکار سے انصاف اور معقول معاوضہ کا مطالبہ کرتے ہیں۔ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ اس طرح کے واقعات لگاتار ہو رہے ہیں مگر سرکار اور انتظامیہ ان شرپسندوں اور نفرتی بیان جاری کرنے والوں سے غافل ہیں، جو مسلمانوں کو کھلے عام مارنے اور بھگانے کی دھمکیاں دیتے ہیں۔ یہاں پر جو بھی کچھ ہو رہا ہے، اس کے پیچھے نفرتی بیان بھی ایک اہم سبب ہے۔