نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ماسٹر آف سوشل ورک پروگرام کے پہلے سال کے طالب علم محمد لقمان علی نے کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز میں ریسلنگ میں کانسے کا تمغہ جیتا۔ کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز میں 200 سے زیادہ یونیورسٹیوں نے حصہ لیا، جو حکومت ہند کے کھیلو انڈیا اقدام کا ایک حصہ ہے۔ اس کا مقصد نچلی سطح پر کھیلوں کو فروغ دینا اور ملک بھر سے نوجوان صلاحیتوں کی نشاندہی کرنا ہے۔
لقمان علی نے جمعرات کو جامعہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر سے ان کے دفتر میں پروفیسر وسیم احمد خان، اسپورٹس ڈائریکٹر اور دیگر حکام کے ساتھ ملاقات کی۔ وائس چانسلر نے لقمان کو اس کامیابی پر مبارکباد دی اور انہیں 10 ہزار روپے کا نقد انعام دیا۔
جامعہ کے اسپورٹس ڈائریکٹر پروفیسر وسیم احمد خان نے کہا کہ لقمان کو یونیورسٹی کی اسپورٹس کمیٹی میں شامل کرنے کی سفارش کی جائے گی اور انہیں نقد انعام سے نوازا جائے گا۔ لقمان نے اس سے قبل بھی کئی ایوارڈ جیت کر جامعہ کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے مدھیہ پردیش میں نیشنل جو جیتسو چیمپئن شپ-2023 میں سونے کا تمغہ، آل انڈیا انٹر یونیورسٹی گریپلنگ چمپئن شپ میں دو کانسے کے تمغے، ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے زیر اہتمام نندنی نگر اترپردیش میں منعقدہ نیشنل ریسلنگ چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیت چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: Yogi On Khelo India University Games کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز سے یوپی کو سمجھنے کا موقع ملے گا، یوگی
اس کے علاوہ لقمان نے نومبر 2022 میں بنکاک، تھائی لینڈ میں ہونے والی ایشیا جو جیتسو چیمپئن شپ کے ساتویں ایڈیشن میں بھی حصہ لیا اور پانچویں نمبر پر رہے۔ جامعہ نے اس سال کے کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز میں باسکٹ بال اور لان ٹینس (خواتین کے زمرے) میں بھی حصہ لیا اور جامعہ کی باسکٹ بال ٹیم چوتھے نمبر پر رہی۔