نئی دہلی: اسٹارٹ اپ فاؤنڈرز ان کے ابتدائی دنوں میں استحکام اور مضبوطی دینے کے لیے ایک عالمی غیر منافع تنظیم وادھوانی فاؤنڈیشنکے اشتراک سے جامعہ ملیہ اسلامیہ کا سینٹر فار انوویشن (سی آئی ای) ایک چودہ ہفتوں کا فری آن لائن لفٹ آف پروگرام منعقد کررہا ہے۔ اس اشتراک کا مقصد اسٹارٹ اپ پروگراموں کی دنیا میں نو واردین کو ان کے کاموں میں سیڈ کیپٹل اور متعلقہ میدان میں معلومات اور وسائل سے آراستہ کرنا اور انھیں مطلوبہ مدد اور وسائل مہیا کرنا ہے۔ انٹرپرینورشپ کی دنیا میں لفٹ آف پروگرام ایک اہم سنگ میل ہے جو نئے اور ابھرتے ہوئے اسٹارٹ اپ کے دیوانوں میں انٹرپرنیول جذبے کو نکھارنے اور اختراعی اور اقتصادی ترقی کو فروغ دیتاہے۔ اختراعی تصورات اور حقیقی کاروباری کامیابی کے مابین خلیج کو پاٹنے کے لیے یہ پروگرام نئے اور ابھرتے ہوئے انٹرپرنیورز کو خود مختار بناتا ہے۔ لفٹ آف پروگرام کی خاص خاص باتیں مندرجہ ذیل ہیں:
بنیادی سرمایے کا حصول:
اپنے تصورات کو پیش کرنے کی تکنیک، کاروباری ماڈلز کو مانجھنے اور سرمایہ کاروں کے ساتھ رابطہ بڑھانے سمیت بنیادی سرمایے کے حصول کے ضمن میں یہ پروگرام رہنمائی کرے گا۔
مینٹر شپ:
پروگرام میں شامل ہونے والے انٹرپرینورزکو اس صنعت کے ماہر اور تجربہ کار مینٹرز ملیں گے جو اپنے تجربات ان کے ساتھ ساجھا کریں گے اور اس میدان میں شروع کے دنوں میں پیش آنے والے چیلنجز سے نمٹنے کے طریقے بتائیں گے۔