شہریت ترمیمی قانون(سی اےاے)کے خلاف بھیم آرمی کے جمعہ کو جامع مسجد سے لےکر جنترمنتر تک مارچ نکالنے کے اعلان کے پیش نظر امن و قانون بنائے رکھنے کےلئے احتیاط کے طورپر تین میٹرو اسٹیشنوں پر آمدورفت بند رکھی گئی ہے۔
دہلی میٹرو کے مطابق جامعہ ملیہ اسلامیہ ،جسولاوہار اور شاہین باغ میٹرو اسٹیشن آج بند رہیں گے۔ان اسٹیشنوں پر ٹرینیں بھی نہیں رکیں گی۔
بھیم آرمی کے لیڈر چندرشیکھر نے ’چلوجامع مسجد ‘کا نعرہ دیاہے اور جامعہ کے طلبہ نے بھیم آرمی کو اپنی حمایت دی ہے۔
جامعہ نگر علاقے کے شاہین باغ میں احتجاجی مظاہرے کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے نوئیڈا جانے والے متھرا روڈ سے کالندی کنج روڈ کو بند رکھا ہے۔انہوں نے نوئیڈا جانے کےلئے آشرم اور مہارانی باغ کی سمت سے جانے کی صلاح دی ہے۔پچھلے کئی دنوں سے متھرا روڈ سے کالندی کنج راستہ بند ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کواحتجاجی مظاہروں کی وجہ سےدہلی کے 20اسٹیشنوں کوبند کیاگیاتھا۔ اس کے ساتھ ہی کچھ گھنٹوں کےلئے کچھ علاقوں میں موبائل خدمات بھی بند کردی گئی تھیں۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ،جسولا وہار،شاہین باغ،منرکا،لال قلعہ،جامع مسجد ،کشمیری گیٹ،چاندنی چوک،وشوودیالے،بارہ کھمباروڈ،پٹیل چوک،لوک کلیان مارگ،سینٹرل سیکریٹیریٹ،ادیوگ بھون،وسنت وہار،منڈی ہاؤس،آئی ٹی او،راجیوچوک،پرگتی میدان اور خان مارکٹ میٹرو اسٹیشنوں کو بند کیاگیاتھا۔