نئی دہلی: بدھ کی دوپہر تقریباً 1:30 بجے کنٹرول روم کو جامع مسجد میں بم رکھے جانے کی کال موصول ہوئی۔ اس دوران مسجد میں نمازیوں اور سیاحوں کی بڑی بھیڑ موجود تھی۔ ایسے میں احتیاطی اقدام کے طور پر بڑی تعداد میں پولس فورس کو موقع پر بلایا گیا اور آس پاس کے علاقے کو خالی کرانے کے بعد بم اسکواڈ ٹیم نے جگہ جگہ تلاشی شروع کردی۔
بدھ کی دوپہر جامع مسجد میں اس وقت خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا جب ایک شخص نے پولیس کنٹرول روم کو فون کرکے یہ بتایا کہ مسجد میں بم نصب کیا گیا ہے۔ پولیس کنٹرول روم میں کال کے بعد مقامی پولیس، ڈاگ اسکواڈ، بم اسکواڈ، فائر اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور دیگر تمام متعلقہ اداروں کی ٹیمیں جلد بازی میں موقع پر پہنچ گئیں۔
مسجد کو خالی کرانے کے بعد تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ تقریباً دو گھنٹے کی محنت کے بعد پولیس نے اس کال کو فرضی کال قرار دیا۔ اس کے بعد تفتیشی ایجنسیوں اور لوگوں نے راحت کی سانس لی۔ فی الحال جامع مسجد تھانہ پولیس اس شخص کی تلاش کر رہی ہے جس نے جعلی کال کی تھی۔