نئی دہلی: مرکزی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پیر کو قطر میں سزائے موت کا سامنا کرنے والے ہندوستانی بحریہ کے آٹھ سابق فوجی اہلکاروں کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ مرکزی وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کی کی رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔
مرکزی وزیر ایس جے شنکر نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل ایکس میں ایک پوسٹ میں کہا کہ "قطر میں زیر حراست 8 ہندوستانی فوجی اہلکاروں کے اہل خانہ سے آج صبح ملاقات کی، اس دوران انہیں کہا کہ حکومت کے پاس یہ معاملہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ حکومت اس معاملے میں فوجی اہلکاروں کے خاندانوں کے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کرتی ہے اور ان کے درد کو بانٹتی ہے، حکومت ان کی رہائی کو محفوظ بنانے کے لئے تمام کوششیں جاری رکھے گی۔ اس سلسلے میں فوجی اہلکاروں کے اہل خانہ کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کریں گے"۔
قطر کی جانب سے 26 اکتوبر کو آٹھ سابق بھارتی بحریہ کے افسران کو سزائے موت سنائی گئی ہے جنہیں اگست 2022 میں قطر نے اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ ان کی شناخت کیپٹن نوتیج سنگھ گل، کیپٹن بیریندر کمار ورما، کیپٹن سوربھ وشیشت، کمانڈر امیت ناگپال، کمانڈر پورنیندو تیواری، کمانڈر سوگناکر پکالا، کمانڈر سنجیو گپتا، اور سیلر راگیش کی حیثیت سے کی گئی ہے۔