کشمیر سے تعلق رکھنے والی بی جے پی رہنما ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے جموں و کشمیر وقف بورڈ کو مرکزی وقف کونسل کے ماتحت کرانے کی تجویز پیش کی ہے۔ انکا دعویٰ ہے کہ اس ضمن میں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی ایک مکتوب لکھا ہے۔
درخشاں اندرابی، مرکزی وقف کونسل کی رکن ہیں لیکن اس کونسل کا دائرہ اختیار جموں و کشمیر میں نہیں ہے۔
اندرابی نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ جموں و کشمیر وقف بورڈ کے ذریعہ تعلیمی اداروں کا قیام نہیں کیا جارہا ہے، اس کی جوابدہی نہیں ہے اور وقف بورڈ کا پیسہ سیاسی لوگوں کی جیبوں میں چلا جاتا ہے۔
انہوں نے ماتا ویشنو دیوی ٹرسٹ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت ہسپتال، یونیورسٹی اور دیگر رفاہی ادارے چلائے جاتے ہیں، کیوں کہ وہ گورنر کے ماتحت ہے۔ انکے مطابق اگر وقف بورڈ کو بھی اسی طرز پر مرکز کے زیر اہتمام کیا جائے گا تو بورڈ میں ترقی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اگر جموں و کشمیر وقف بورڈ، مرکزی وقف کونسل کے زیر انتظام آجائے گا تو اسے مرکز سے ہی رقومات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں لوگ یہ مطالبہ کررہے ہیں کہ وقف بورڈ کو جوابدہ بنایا جائے۔