دہلی: قومی دارالحکومت دہلی کے شاہجہاں آباد میں واقع مغلیہ دور کی عظیم الشان مسجد میں نماز جمعہ میں خطبہ دیتے ہوئے مسلم ورلڈ لیگ کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر العیسیٰ نے اسلام اور مسلمانوں کی ذمہ داریوں کے بارے میں بتایا۔ مسلم ورلڈ لیگ کے سکریٹری جنرل اور اسلامی اسکالر ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے قومی دارالحکومت دہلی کی جامع مسجد کے منبر سے کہا کہ اسلام میں انتہا پسندی اور تشدد کے راستے پر چلنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ جامع مسجد کے شاہی امام سید امام احمد بخاری نے شیخ محمد عبدالکریم العیسیٰ کا استقبال کیا۔ ڈاکٹر عیسیٰ نے نماز کی امامت سے قبل خطبہ دیا اور پھر نماز کے بعد دعا بھی کرائی۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز ڈاکٹر عیسیٰ نے اکشردھام مندر کا دورہ کیا تھا اور اپنے بھارت کے دورے کے دوران وہ بھارت کی مذہبی اور روحانی قیادت کے مختلف طبقات سے ملاقات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دوغلی بات کو پسند نہیں کرتا اور مسلمانوں کو سچا ہونا چاہیے۔ عربی زبان میں بات کرتے ہوئے اور مترجم کے ذریعے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر العیسیٰ نے کہا کہ اسلام اچھے کردار کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں سے کہا کہ وہ سب کے ساتھ حسن سلوک کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں سکھاتا ہے کہ ہم اپنے پڑوسیوں کا خیال رکھیں اور انسانیت کا احترام کریں۔انہوں نے کہا کہ اسلام انسانیت کے تحفظ پر یقین رکھتا ہے۔ ایک سچے مومن کو نرم دل ہونا چاہیے اور سیدھے راستے پر چلنا چاہیے۔