آئی این ایکس میڈیا کیس میں گرفتار چدمبرم کو 14 روز کی عدالتی حراست کی مدت مکمل ہونے کے بعد آج راوز ایوینیو میں واقع خصوصی جج اجے کمار کوہار کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
سی بی آئی نے عدالت سے چدمبرم کی عدالتی تحویل کی مدت میں توسیع کرنے کی درخواست کی جب کہ چدمبرم کے وکیل کپل سبل نے اس کی مخالفت کی۔
تفتیشی ایجنسی کی طرف سے سالیسیٹر جنرل توشار مہتا نے چدمبرم کی عدالتی حراست میں توسیع کرنے کی درخواست کرتے ہوئے عدالت کے سامنے کہا کہ انہیں جب پہلی بار جیل بھیجا گیا تھا تب سے حالات میں کسی طرح کی کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
جج کوہار نے چدمبرم کی عدالتی تحویل کی مدت میں توسیع کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کی میڈیکل جانچ کی اجازت دے دی۔
سبل نے چدمبرم کی طرف سے معمول کی طبی جانچ اور تہاڑ جیل میں عدالتی حراست کے دوران خاطر خواہ ضروری کھانا فراہم کرنے کی اپیل کی تھی۔