نئی دہلی:دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے ملک کے تمام بدعنوان لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر نہیں ایک پارٹی میں جمع کردیا ہے۔
اروند کیجریوال نے بدھ کو ایوان میں اعتماد کی تحریک پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مختلف جگہوں پر کہہ رہے ہیں کہ ای ڈی-سی بی آئی نے تمام بدعنوان لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا ہے۔ وزیراعظم کے اس بیان میں معمولی سی غلطی ہے۔ ای ڈی اور سی بی آئی نے اس ملک کے تمام بدعنوان لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر نہیں بلکہ ایک پارٹی میں جمع کیا۔ ای ڈی۔ سی بئ آئی والے چھاپے مارتے ہیں، سر پر بندوق رکھ کر کہتے ہیں کہ جیل جانا ہے یا بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہونا ہے۔ منیش سسودیا اور ستیندر جین کے سروں پر بھی بندوقیں رکھی گئیں۔ دونوں نے کہا کہ جیل قبول ہے، لیکن بی جے پی میں جانا قبول نہیں ہے۔ سبیندو ادھیکاری، مکل رائے کے سر پر بھی بندوق رکھ دی گئی۔ انہوں نے گھپلے کیے تھے، اسی لیے وہ بی جے پی میں شامل ہوئے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وقت ایک جیسا نہیں رہتا۔ وقت بدلتا رہتا ہے۔ آج ان کی حکومت ہے لیکن ہمیشہ نہیں رہے گی۔ کسی نہ کسی دن وہ ضرور جائیں گے۔ اس وقت کرپشن فری ہندوستان ہوگا۔ای ڈی۔ سی بی آئی کا خوف دکھا کر موجودہ حکومت نے ملک کے تمام لٹیروں کو اپنی پارٹی میں لے لیا ہے۔ جس دن مرکز سے بی جے پی کی حکومت جائے گی، بی جے پی والوں کو جیل میں ڈال دو، ملک بدعنوانی سے پاک ہو جائے گا۔ ایشور نے وزیر اعظم کو بڑا موقع دیا تھا۔ اس ملک کے عوام نے بہت بڑا مینڈیٹ دیا تھا۔ وہ چاہتے تو اس ملک کا چہرہ بدل سکتے تھے۔ کچھ بھی کر سکتے تھے۔ لیکن انہوں نے کیا کیا؟ملک میں کرپشن، نفرت، لڑائی۔ آج ملک کے اندر ہر شخص خوفزدہ ہے۔