نئی دہلی: ایس بی آئی لائف سمیت کئی انشورنس کمپنیوں نے پیر کو اوڈیشہ کے بالاسور میں ہولناک ٹرین حادثے کے متاثرین کے خاندانوں کو فوری مالی امداد فراہم کرنے کے دعووں کو ترجیحی طور پر حل کرنے کا اعلان کیا۔ جنرل انشورنس کونسل کے چیئرمین تپن سنگھل نے کہا کہ اپنی کمیونٹی کی تعمیر نو میں مدد کرنے کے لیے ایک صنعت کے طور پر ہم نے ایک وقف ہیلپ لائن اور ڈیجیٹل صلاحیتیں بنائی ہیں تاکہ صارفین یا ان کے خاندان کے افراد کے لیے انشورنس کمپنیوں تک رسائی کو آسان بنایا جا سکے۔
سنگھل بجاج الیانز جنرل انشورنس کے منیجنگ ڈائریکٹر بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشورنس کمپنیوں نے اس طرح کے دعووں کو تیز کرنے اور پالیسی ہولڈرز کے لئے کِلیم کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ بالاسور میں جمعہ کی رات ہوئے اس ٹرین حادثے میں 275 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انشورنس کمپنیوں نے ان متاثرین کے خاندانوں کو راحت فراہم کرنے کے لیے یہ پہل کی ہے۔ تپن سنگھل نے کہا کہ ہم متاثرہ علاقے میں اپنے صارفین تک فعال طور پر پہنچ رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ محفوظ ہیں اور ضرورت پڑنے پر ان کے دعووں کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے۔ انشورنس کمپنیوں نے بھی فوری حل اور مدد کے لیے اپنے وسائل کو تعینات کیا ہے۔