نئی دہلی:بھارتی سکھوں کا ایک جتھا 30 اکتوبر کو پاکستان کے راولپنڈی سے 45 کلومیٹر دور پنجا صاحب جی گردوارہ میں منعقد ہونے والی ساکا پنجا صاحب کی صد سالہ تقریبات میں شرکت کرے گا۔ دہلی گوردوارہ کمیٹی کے صدر سردار ہرمیت سنگھ کالکا نے آج یہاں بتایا کہ کل 240 ہندوستانی سکھ 28 اکتوبر کو اٹاری/واگھہ سرحد عبور کر کے پاکستان جائیں گے۔ اس جتھے میں قومی راجدھانی دہلی کے 40 عقیدت مند شرکت کریں گے۔ جبکہ باقی 200 ممبران ملک کے مختلف حصوں سے آئیں گے۔ Indian Sikh pilgrims to attend Saka Panja Sahib centenary
انہوں نے کہا کہ یہ جتھا 2 نومبر کو وطن واپس آئے گا اور اپنے دورہ پاکستان کے دوران سکھوں کے تاریخی گوردواروں پنجا صاحب، سری ننکانہ صاحب اور لاہور کے مقدس گردواروں پر متھا ٹیکے گا۔ ساکا پنجا صاحب کے بارے میں انہوں نے کہا کہ 30 اکتوبر 1922 کو جب انگریز حکام امرتسر میں اپنے مطالبات کے لیے پرامن احتجاج کرنے والی سکھ برادری کو جابرانہ پالیسیوں کے تحت دور دراز کی جیلوں میں قید کرنے کے لیے ٹرین کے ذریعے لے جا رہے تھے تو کمیونٹی کو جیسے ہی اس بات کا علم ہوا تو پنجا صاحب کی سکھ برادری نے ٹرین کو روک کر معصوم سکھوں کو لنگر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔
تاہم مقامی حکام نے ٹرین کو پنجا صاحب ریلوے اسٹیشن پر روکنے سے انکار کر دیا جس کے باعث سکھ برادری کے لوگ ریلوے کی پٹری پر بیٹھ گئے اور کچھ غیر مسلح مظاہرین ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے۔ اس سانحہ نے لوگوں میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا جس نے تحریک آزادی کو ایک نئی طاقت دی۔ تقسیم سے قبل ان شہداء کی یاد میں 30 اکتوبر سے 2 نومبر تک پنجا صاحب میں خراج عقیدت پیش کرنے کا پروگرام منعقد کیا جاتا تھا۔