نئی دہلی: انڈین فارن سروس (2021 بیچ) کے آفیسر ٹرینیز کے ایک گروپ نے راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔ زیر تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ بہت زیادہ ولولہ انگیز صورت حال ہے کیونکہ وہ ایک ایسے وقت میں فارن سروس میں اپنے کیریئر کا آغاز کر رہے ہیں جب ہندوستان ایک نئی خود اعتمادی کے ساتھ عالمی سطح پر اُبھرا ہے۔ دنیا بھی بھارت کی طرف ایک بار پھر سے پرستائش نطروں سے دیکھ رہی ہے۔ Indian Foreign Service Officer trainees Meet Murmu
حالیہ برسوں میں ہمارے دوطرفہ اور کثیر جہتی تعلقات میں نئے اقدامات دیکھنے میں آئے ہیں۔ کئی عالمی فورمز میں بھارت نے فیصلہ کن اقدامات کئے ہیں۔ کئی شعبوں میں ہندوستان کی قیادت اب ناقابل تقابل بن چکی ہے۔ بھارت ترقی پذیر جنوبی خطے میں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن ریاست کے طور پر بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ 'بھارت کی مضبوط پوزیشن دیگر عوامل کے علاوہ اس کی اقتصادی کارکردگی کی بنیاد پر قائم ہوئی ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب کہ دنیا کی سرکردہ معیشتیں اب بھی وبائی امراض کے اثرات پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں، ہندوستان پھر سے مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہو گیا ہے اور اس نے آگے بڑھنا شروع کر دیا ہے۔ اس کے نتیجے میں، ہندوستان کی معیشت تیز ترین شرح نمو کا مشاہدہ کررہی ہے ۔درحقیقت، عالمی اقتصادی بحالی، ایک حد تک، ہندوستان پر منحصر ہے۔
عالمی سطح پر بھارت کے سنبھالا لینے کی دوسری وجہ اس کی اخلاقیات ہے۔ باقی دنیا کے ساتھ ہمارے تعلقات ہماری قدیم اقدار کے تحت آگے بڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی خارجہ سروس انہیں ہندوستان کی قابل فخر تہذیب، وراثت اور ثقافت کو اس کی ترقی کی خواہشات کے ساتھ باقی دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتی ہے۔