لوک سبھا میں وقفہ صفر میں کانگریس کے رہنما ادھیررنجن چودھری کے ذریعہ بھارت چین سرحد پر چھ جولائی کو لداخ کے ڈیم چوک علاقے میں ہوئے واقعہ کا ذکر کئے جانے پر وزیردفاع نے مداخلت کی۔
راج ناتھ سنگھ نے چودھری کے ذریعہ اس مسئلے کو اٹھانے پر حیرانی کا اظہارکیا۔
اس دوران بیجو جنتا دل کے لیڈر بھرتہری مہتاب نے کہا کہ مکمل ایوان کو وزیراعظم نریندر مودی کی کوششوں اور سفارتی مہم کی مکمل طورپر حمایت کرنی چاہئے اور اراکین کو ایک سُر میں بات کہنی چاہئے۔
وزیردفاع نے کہا کہ بھارت اور چین کے درمیان سرحد پر عام طور پر امن کا ماحول ہے لیکن کبھی کبھی مقامی سطح پر لائن آف کنٹرول کے سلسلے میں اختلاف ہونے کی وجہ سے ناخوشگوار حالات بن جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات کو سلجھانے کےلئے باقائدہ نظام بنایاگیا ہے اور دونوں ملک اس کا احترام کرتے ہیں تاکہ سرحد پر امن و استحکام قائم رہے۔
وزیراعظم نریندرمودی اور صدر شی جنپنگ کے درمیان گزشتہ سال ووہان میں ہوئی باضابطہ چوٹی کانفرنس کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میٹنگ کے دوران دونوں فریق سرحد پر امن واستحکام برقرار رکھنے کی ضرورت کی نشاندہی کی تھی۔دونوں ملکوں نے بعد میں اپنی اپنی افواج کےلئے استراتجک اصول و ضوابط بھی جاری کئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وہ واضح طورپر ایوان کی یقین دہانی کرنا چاہتے ہیں کہ حکومت قومی سکیورٹی کے مسئلے پر پوری طرح سے حساس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان چین سرحد کے نزدیک سڑکیں ،سرنگیں ،ریلوے لائنیں اور ہوائی پٹیاں بنائی جارہی ہیں۔