نئی دہلی:حزب اختلاف کے اتحاد 'انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس' (انڈیا) کے اتحادی جماعتوں کے اہم رہنماؤں کی میٹنگ آج (19دسمبر) کو دہلی میں ہونے جارہی ہے، جس میں سیٹوں کی تقسیم، مشترکہ عوامی میٹنگوں کا انعقاد اور نئی حکمت عملی بنانے سمیت کئی امور پر غور کیا جائے گا۔ اگلے لوک سبھا انتخابات سے متعلق اہم امور پر بات چیت ہوگی۔ پیر کو 78 ارکان پارلیمان کی معطلی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اپوزیشن گروپ پورے سرمائی اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کر سکتا ہے۔ یہ میٹنگ حال ہی میں ختم ہوئے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی خراب کارکردگی کے پس منظر میں ہو رہی ہے۔ راجستھان، چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں بنیادی طور پر مثبت ایجنڈا طے کرنے، سیٹوں کی تقسیم، نئی حکمت عملی بنانے اور مشترکہ جلسہ عام پر بات چیت کا امکان ہے۔ یہ میٹنگ دہلی کے اشوکا ہوٹل میں ہوگی۔ میٹنگ سے پہلے ترنمول کانگریس کی سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ انڈیا اتحاد کے وزیر اعظم کے امیدوار کا فیصلہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد کیا جائے گا۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا انڈیا اتحاد سیٹوں کی تقسیم جیسے مسائل پر کارروائی کرنے میں تاخیر کر رہا ہے، ممتا بنرجی نے کہا، 'دیر آئے درست آئے۔'
بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور راشٹریہ جنتا دل لیڈر تیجسوی یادو نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ اتحاد کی جو کمیٹیاں پہلے بنائی گئی تھیں وہ پردے کے پیچھے کام کر رہی تھیں اور انتخابات کی تیاریاں کی جا رہی تھیں۔ یادو نے کہا کہ اپوزیشن گروپ میں ہر کوئی اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ علاقائی جماعتیں بہت مضبوط ہیں۔ آر جے ڈی لیڈر نے کہا، 'جہاں علاقائی پارٹیاں ہیں، بی جے پی کہیں نظر نہیں آتی۔ زیادہ تر علاقائی پارٹیاں انڈیا اتحاد کے ساتھ ہیں۔ انڈیا اتحاد میں بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کے مستقبل کے رول کے بارے میں پوچھے جانے پر یادو نے کہا کہ سب کا کردار برابر ہے اور سب کا مقصد ایک ہی ہے جو کہ تقسیم کرنے والی طاقتوں کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہے۔ جنتا دل (یو) کے سرکردہ لیڈر نتیش کمار اور شیوسینا (یو بی ٹی) کے سپریمو ادھو ٹھاکرے میٹنگ کے لیے پیر کی شام قومی دارالحکومت پہنچے۔