نئی دہلی: قومی دار الحکومت دہلی کے علاقہ کے جی مارگ میں واقع بی بی سی آفس پر محکمہ انکم ٹیکس نے چھاپہ مارا ہے۔محکمہ انکم ٹیکس کے 15 اہلکاروں کی ایک ٹیم نے منگل کو دہلی اور ممبئی میں بی بی سی کے دفاتر میں سروے آپریشن کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ بی بی سی کے دفاتر کی تلاشی کا تعلق بین الاقوامی ٹیکسیشن اور ٹرانسفر پرائسنگ میں بے ضابطگیوں کے الزامات سے متلعق ہے۔ حکام نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ محکمہ کمپنی کے کاروباری آپریشنز اور اس کے بھارتی برانچ سے متعلق دستاویزات کو دیکھ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملازمین کے موبائل فون ضبط کر لیے گئے اور انہیں گھر جانے کو کہا گیا جب کہ بی بی سی کے دہلی دفتر میں دوپہر کی شفٹ میں کام کرنے والوں کو گھر سے کام کرنے کو کہا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اردو سرورس سے وابسطہ دو افراد، محکمہ خزانہ کے افسران کے ساتھ دفتر کے احاطے میں موجود تھے۔ ذرائع نے منگل کو بتایا کہ انکم ٹیکس حکام برطانوی پبلک براڈکاسٹر بی بی سی کے بھارتی دفاتر میں تفتیش کر رہے ہیں۔ انکم ٹیکس کی یہ کارروائی نہ صرف بی بی سی کے دہلی دفتر بلکہ ممبئی میں واقع دفتر تک پہنچ گئی۔ بی بی سی کے ممبئی میں دو دفاتر ہیں۔ ایک بی کے سی میں اور دوسرا کھار میں۔ انکم ٹیکس افسران بی کے سی آفس پہنچ گئے ہیں۔ ملازمین کو گھر جانے کو کہا گیا ہے۔ دہلی میں بی بی سی کا دفتر عمارت کی 5ویں، 6ویں اور 11ویں منزل پر ہے، جس کی تینوں منزلوں پر تقریباً 15-20 آئی ٹی افسران موجود ہیں۔ دفتر کے باہر دہلی پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔ یہ تلاشیاں بی بی سی کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی پر ایک دستاویزی فلم - 'انڈیا: دی مودی کیوچن' جاری کرنے کے چند ہفتوں بعد سامنے آئی ہیں، جس نے ایک تنازعہ کھڑا کر دیا تھا۔