شمال مشرقی دہلی کی برج پوری کی پلیہ پر فاروقیہ مسجد کے قریب واقع آٹو موبائل کی دکان گزشتہ برس ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات میں جل کر تباہ ہوگئی تھی۔
جمیعت العلماء کی کوششوں سے دہلی فسادات میں متاثرہ دکانوں کی تعمیر اور دوبارہ اسے جاری کرنے کا کام شروع ہوچکا ہے جس کے تحت آج ایک دکان کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔
اس تقریب میں جمیعت العلماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی، مولانا غیور احمد قاسمی، مولانا اخلاق قاسمی، مولانا شکیل قاسمی، حاجی فخرالدین اور مفتی محمد طاہر (امام وخطیب فاروقیہ مسجد) وغیرہ موجود رہے۔
اس موقع پر دکان کے مالک چاند بھائی نے جمیعت کے صدر مولانا محمود مدنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہم سب شیو وہار والوں کا شروع سے خیال رکھا اور ہمیشہ ہماری خبر گیری کرتے رہے اور آج تک ہمارے ساتھ کھڑے ہیں نیز ہمارے نوجوانوں کا مقدمہ بھی لڑ رہے ہیں۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی جمیعت العلماء ہند کے اکابرین کو مزید حوصلہ اور ان کی عمر میں برکت عطا فرمائے۔