قومی دارالحکومت دہلی کے مصطفیٰ آباد کے علاقے کی جامع مسجد انتظامیہ کمیٹی نے مسجد میں بچوں کے مطالعہ کے لئے ایک لائبریری کا افتتاح کیا ہے۔ اس موقع پر نارتھ ضلع کے اے سی پی وید پرکاش نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور انتظامیہ کمیٹی کے اراکین کے ساتھ لائبریری کا افتتاح کیا۔
وید پرکاش نے اپنے خطاب میں کہا کہ مساجد میں لائبریری قائم کرنا اپنے آپ میں انتہائی قابل تعریف اقدام ہے، اسلام میں تعلیم کے حصول پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ تعلیم حاصل کرنے کے لئے سات سمندر سے آگے جانا پڑے تو بھی جانے کے لئے کہا گیا ہے، پھر ہمیں تعلیم پر خصوصی توجہ کیوں نہیں دینی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ لائبریری ایسی جگہ ہے، جہاں آپ تنہائی میں بیٹھ کر یکسوئی کے ساتھ مطالعہ کر سکتے ہیں اور اگر لائبریری مسجد میں ہے تب تو عبادت اور مطالعہ ایک ساتھ کیا جائے گا۔ کامیابی یقیناً آپ کے قدم چومے گی۔ جامع مسجد پبلک لائبریری اپنے آپ میں ایک مثال قائم کرے گی۔ تمام مساجد کی انتظامیہ کو اس سے ترغیب لیتے ہوئے اپنے علاقوں میں لائبریری یا دیگر تعلیم کا سلسلہ شروع کرنا چاہئے۔ اس کام میں میری کہیں بھی ضرورت ہو میں آپ کے لئے ہر وقت تیار ہوں۔