جہاں ایک طرف شمال مشرقی دہلی میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف اور حمایت والوں کے درمیان فرقہ وارانہ جھڑپیں اور مار پیٹ چل رہی ہے، وہیں دوسری جانب یمنا ویہار کے ہندو مسلمان مل کر ان فرقہ وارانہ قوتوں کو شکست دینے کے لیے تیار ہیں۔
یمنا ویہار کے مقامی باشندے، جن میں ہندو اور مسلمان و دیگر مذہب کے لوگ قیام پزیر ہیں، سبھی نے مل کر علاقے کے باہری حصے میں ایک انسانی زنجیر بنائی تاکہ ان کا علاقہ اور گھر اس تشدد سے محفوظ رہے۔
یمنا وہار میں رہ رہے مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ جو آج دہلی میں ہو رہا ہے، پچھلے 34 برسوں میں یہ فرقہ وارانہ تشدد نہیں دیکھا۔
یمنا وہار کے ایک مقامی شخص محمد سجاد کہتے ہیں 'ان کے علاقے میں برسوں سے لوگ امن کے ساتھ رہتے آرہے ہیں، موجودہ وقت میں دہلی میں ہو رہا یہ تشدد ان کے علاقے کے لیا نیا ہے، اس لیے علاقے کے سب لوگوں نے مل کر یہ فیصلہ لیا کہ وہ ان فرقہ وارانہ طاقتوں کے خلاف لڑیں گے'۔
انہوں نے مزید کہا 'کچھ لوگ ان کے علاقے میں تشدد پھیلانے آئے تھے، جنہیں محلے کے لوگوں نے مل کر علاقےمیں نہیں گھسنے دیا'۔