نئی دہلی: وزیر مملکت برائے خارجہ میناکشی لیکھی، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں، ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی اور عملہ کے دیگر اراکین نے ان تمام خواتین کو مدینہ منورہ کے لئے روانہ کیا۔ میناکشی لیکھی اور کوثر جہاں نے بغیر محرم کے سفر حج پر جاے والی خاتون عازمین سے ملاقات کرکے انہیں مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا کہ وہ مکمل صحت و سلامتی کے ساتھ حج ادا کر کے اپنے ملک واپس لوٹیں اس کے ساتھ ہی انہوں نے عازمین سے اپیل کی کہ حج کے دوران وہ ملک کی خوشحالی اور امن کے لئے دعا کریں۔
انہوں نے خواتین عازمین کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بغیر محرم کے سفر حج پر بھیجنا وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کا حج سے متعلق قابل ستائش فیصلہ ہے ۔ یہ حج اور معاشرے میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے جاری کوششوں میں ایک اہم قدم ہے۔ خیال رہے کہ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کی ذاتی کوششوں سے غیر محرم کے خواتین عازمین حج کی سہولت کے لیے ہوائی اڈے پر علیحدہ چیکنگ کاؤنٹر، امیگریشن کاؤنٹر اور علیحدہ فریسکنگ کاؤنٹر کا انتظام کیا گیا ہے۔