کل ہوسٹن، امریکہ میں مودی اور ٹرمپ نے ہندوستانی برادری سے خطاب کیا تھا جس میں دونوں رہنماؤں نے ’دہشت گردی‘ پر سخت تنقید کی تھی۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دنیا، بھارت کے ساتھ: امت شاہ - Howdy Modi was unprecedented
وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ’دہشت گردی‘ پر شدید حملے کے بعد مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ اس وقت دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کُن لڑائی میں پوری دنیا ہندوستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
امت شاہ نے آج ٹویٹ کیاکہ ’دنیا کی سیاست میں اہم دن، دو عظیم طاقتور جمہوریتوں کے رہنماؤں نے ایک مستحکم اور خوشحال دنیا کے لیے اپنے خیالات اور عزائم کا اظہار کیا ہے۔ یہ پہلے کبھی نہیں ہوا ہے۔ ’ہاؤڈی مودی شو‘ اپنے آپ میں ایک بے مثال پروگرام تھا اور اس نے دنیا کے نقشے پر ایک طاقتور ہندوستان کے نقشِ پا کی انمٹ شناخت چھوڑی ہے‘۔
انہوں نے کہاکہ ’مودی کی طاقتور قیادت کو مبارکباد، آج پوری دنیا دہشت گردی کے مسئلے کے خلاف ہندوستان کی فیصلہ کن لڑائی میں مضبوطی سے کھڑی ہے۔ اس سے یہ پیغام جاتا ہے کہ نیا ہندوستان اپنے تحفظ کو مضبوط کرنے اور ایک رہنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ یہ ہندوستان کے عوام کو عالمی سطح پر حاصل نئی شناخت ہے‘۔