نئی دہلی: معروف سماجی اور غیر سرکاری تنظیم خادم انسانیت فاؤنڈیشن کی جانب سے دہلی کی شدید سردیوں میں سڑکوں پر راتیں گزار رہے غریب بے سہاروں کے درمیان کمبل تقسیم کی گئی ۔
خادم انسانیت فاؤنڈیشن کی بانی اور معروف سماجی کارکن فاروق صدیقی نے بتایا کہ 'وہ اور ان کے ساتھیوں نے سڑک پر کھلے آسمان کے نیچے شدید سردی میں رات گزارنے کو مجبور لوگوں کے لئے 'پروجیکٹ راحت' نامی ایک مہم کی شروعات کی ہے۔ جس کے تحت لوگوں کی مدد کی جارہی ہے۔
فاروق صدیقی نے کہا کہ 'موسم سرما میں بے سہارا اور غریب لوگوں کے درمیان خدمت خلق کے جذبے سے کمبل یا گرم کپڑے تقسیم کرنا کارخیر کے ساتھ ساتھ انسانی فریضہ بھی ہے، اس سے اللہ کی رضا اور دلی سکون میسر ہوتا ہے۔
فاروق صدیقی کا کہنا ہے کہ ہمارے ملک میں ہر سال سیکڑوں افراد سردی کی وجہ سے اپنی جان گوا دیتے ہیں۔ سڑکوں پر راتوں کو قیام کرنے والے بے بس اور مجبور اور بے سہارا لوگوں کی ایک بڑی تعداد ہے۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم ان ضرورت مند لوگوں کی مدد کریں۔