نئی دہلی:دہلی کی ایک عدالت نے جمعرات کو دہلی کے سابق وزیر صحت ستیندر جین کی کسی دیگر جج کو ان کا مقدمہ منتقل کرنے کی مانگ والی درخواست پر سماعت ملتوی کر دی۔ اس معاملے کی اگلی سماعت اب 9 جون کو ہوگی۔ راؤس ایونیو ڈسٹرکٹ کورٹ کے پریزائیڈنگ آفیسر، پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج-کم-اسپیشل جج (سی بی آئی) ونے کمار گپتا آج چھٹی پر ہیں۔ اس لیے مدعا علیہ نمبر 2 سے 10 اور مزید احکامات کے لیے اس معاملے پر 9 جون کو سماعت ہوگی۔ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے 13 اپریل کو ستیندر جین کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے بعد کہا تھا کہ جواب دہندگان کو نوٹس اور مزید احکامات دینے کے لیے 04 مئی کو پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ ستیندر جین نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ ان کے خلاف درج دو مقدمات کو دوسرے جج کو منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کریمنل پروسیجر کوڈ (سی آر پی سی) کی دفعہ 408 کے تحت ایک درخواست دائر کی تھی۔ ای ڈی نے پہلے کیس کو دوسرے جج کو منتقل کرنے کے لئے درخواست دائر کی تھی تب پرنسپل ڈسٹرکٹ کم سیشن جج نے کیس کو خصوصی جج گیتانجلی گوئل سے خصوصی جج وکاس دھول کو منتقل کر دیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ ستیندر جین منی لانڈرنگ کیس میں گزشتہ سال مئی سے تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ ٹرائل کورٹ اور ہائی کورٹ دونوں میں داخل ستیندر جین کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں۔