دہلی ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ آج پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) گھوٹالہ کیس کے ملزم اور ہیرے کے مفرور تاجر میہول چوکسی کی درخواست پر سماعت کرے گی۔ آپ کو بتادیں کہ میہول چوکسی نے ایک درخواست دائر کی ہے جس میں نیٹ فلکس پر آنے والی ویب سیریز بیڈ بوائے بلینیرس کا پرومو دیکھنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس ڈی این پٹیل کی سربراہی میں بنچ اس درخواست کی سماعت کرے گی۔ اس سے قبل ہائی کورٹ کے سنگل بنچ میہول چوکسی کی درخواست خارج کر چکی ہے۔
غور طلب ہے کہ 28 اگست کو ہائی کورٹ نے میہول چوکسی کی درخواست خارج کردی تھی۔ جسٹس نوین چاؤلہ کے بنچ نے کہا کہ اس معاملے میں دیوانی مقدمہ دائر کیا جانا چاہئے کیونکہ اس میں نجی حقوق کی پامالی کا مقدمہ شامل ہے۔ سنگل بینچ نے بھی ویب سیریز کے پرومو کو دیکھنے کی اجازت نہیں دی۔
سنگل بنچ نے کہا تھا کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے مشمولات کو ریگولیٹ کرنے کے لئے کوئی قانون موجود نہیں ہے۔ سنگل بنچ نے ایسی ہی ایک درخواست پر ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ کے فیصلے کا حوالہ دیا تھا۔ سماعت کے دوران وکیل وجے اگروال نے میہول چوکسی کی جانب سے عدالت کو بتایا کہ وہ اس ویب سیریز پر پابندی کے خواہاں نہیں ہیں بلکہ اس کا پرومو دیکھنا چاہتے ہیں۔