کانگریس کے رکن پارلیمنٹ محمد جاوید نے کہا کہ 56 ارکان پارلیمنٹ نے ایک خط پر دستخط کرتے ہوئے سلی ڈیلز ایپ پر مسلم خواتین کی تصاویر اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس معاملہ پر گذشتہ روز کشن گنج کے رکن پارلیمنٹ نے وزیر داخلہ امت شاہ اور کانگریس کے سینئر رہنما ششی تھرور سے ملاقات کی۔ انہوں نے وزیر داخلہ امت شاہ سے 'سلی ڈیلز' نامی ایپ کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
دہلی اور نوئیڈا پولیس میں درج شکایات کے مطابق متعدد مسلم خواتین کی تصاویر کو ان کی رضامندی کے بغیر 'سلی ڈیلز' ایپ پر اپ لوڈ کیا گیا اور اس کے ذریعہ ان کی بے عزتی کی جارہی ہے۔ اس ایپ کو اوپن سورس کوڈز کے حامل مشہور ہوسٹنگ پلیٹ فارم گٹ ہب پر تیار کیا گیا ہے۔ اس ایپ پر جب کوئی صارف ہوم اسکرین پر 'ڈیل آف دی ڈے' کا انتخاب کرتا ہے تو اس میں مسلم خواتین کی تصاویر نمایاں ہوتی ہیں۔ ایپ کے خلاف متعدد خواتین نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہیں۔
مسلم صحافیوں کے بشمول دیگر مسلم خواتین کی تصاویر کو شائع کیا گیا ان کے سوشل میڈیا سائٹز سے چراکر اس ایپ پر پبلش کیا گیا ہے۔ ایپ کے ذریعہ نشانہ بننے والی خواتین کا الزام ہے کہ ان کی تصاویر کو رضامندی کے بغیر استعمال کیا جارہا ہے اور انہیں ہراساں اور بے عزت کیا جارہا ہے۔