دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے دہلی سے منتخب شدہ عازمین حج برائے حج2022کے لیے تربیتی کیمپ جاری ہیں۔ یہ تربیتی کیمپ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر حج منزل آصف علی روڈ نئی دہلی میں لگائے جا رہے ہیں۔ آج تیسرے دن کے کیمپ میں پرانی دہلی و مشرقی دہلی کے عازمین حج کو تربیت دی گئی۔ آج کے تربیتی پروگرام میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین مختار احمد، سید شاداب حسین رضوی اشرفی صاحب، ایگزیکٹو آفیسر جاوید عالم خان، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی کے علاوہ کثیر تعداد میں عازمین حج موجود تھے۔ Training Camp for Hajj Pilgrimage Held in Delhi
آج کے تربیتی پروگرام میں حکومت دہلی کے وزیر خوراک و رسد عمران حسین، چیئرمین دہلی اقلیتی کمیشن ذاکر خان، اردو اکیڈمی کے نائب صدر حاجی تاج محمد، اسلامی ریپبلک ایران کے کلچرل ہاوس کے کاونسل محمد علی ربانی، حلقہ مٹیا محل کے میونسپل کے کونسلر آل محمد اقبال، اجمیری گیٹ کے میونسپل کونسلر راکیش کمار، سوشل اینڈ آرٹی آئی ایکٹوسٹ محمد شاہد گنگوہی، رضاکار صدر حاجی محمد ادریس و اسعد میاں موجود تھے۔ مختار احمد نے معزز مہمانان کا پروگرام میں شرکت کرنے کے لیے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پھولوں کے گلدستے دے کر استقبال کیا۔
وہیں عمران حسین نے منتخب عازمین کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ دو سال بعد بھارتی عازمین حج حرمین شریفین پہنچ کر فریضہ حج کی ادائیگی کریں گے۔ انہوں نے عازمین حج سے ملک میں امن و سلامتی خوشحالی و ترقی کی درخواست کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال کم وقت ہونے کے باوجود حکومت دہلی کی جانب سے ہم بہترین انتظامات کریں گے و عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولیات مہیا کرائیں گے۔