نئی دہلی: ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح دارالحکومت دہلی میں بھی حج 2023 کے لئے اخراجات کی دوسری قسط کی رقم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کو لے کر عازمین میں خوشی پائی جا رہی ہے۔ اسی سے متعلق ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کچھ معلومات حاصل کی ہیں جس میں اس بات کی جانکاری ملی ہے کہ آئندہ قسط یعنی تیسری انسٹالمینٹ تقریبا 1 لاکھ روپے کی ہوگی۔ اس حساب سے سال 2023 میں عازمین کے سفر حج کا خرچ 3 لاکھ 50 ہزار تک ہونے کے امکان ہیں۔ حالانکہ اس رقم میں زر مبادلہ کے طور پر لی جانے والی رقم شامل نہیں ہوگی چونکہ وزارت اقلیتی امور کی جانب سے ملی اطلاعات کے مطابق پہلے ہی واضح کیا گیا تھا کہ اب عازمین حج کو زر مبادلہ کے طور پر رقم جمع نہیں کرانی ہوگی.
وہ خود ہی ریال خرید کر سفر حج پر روانہ ہو سکیں گے تاہم بعد میں یہ اعلان کیا گیا کہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا سے وزارت اقلیتی امور نے معاہدہ کیا ہے جس کے ذریعے عازمین کو سب سے کم قیمت پر سعودی ریال مہیا کرائے جائیں گے۔ اس حساب سے عازمین کو کم از کم 15 سو سعودی ریال لے کر جانا لازمی ہے جبکہ ریزرو بینک آف انڈیا کی بیرون ممالک میں جانے کے لیے فاریکس کرنسی کے طور پر زیادہ سے زیادہ 10 ہزار امریکی ڈالر تک لے جانے کی اجازت ہوگی۔