نئی دہلی: دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے جمعہ کو کہا کہ دہلی میں چھ ماہ کے اندر تمام خالی سرکاری عہدوں کو بھر دیا جائے گا تاکہ لوگوں کو دستیاب سہولیات کو عالمی معیار کا بنایا جا سکے۔سکسینہ نے آج یہاں دہلی کے نو تعینات سرکاری ملازمین کی تقرری لیٹر تقسیم کرنے کی تقریب میں کہا کہ تمام خالی آسامیوں کو چھ ماہ کے اندر پُر کر دیا جائے گا۔ دہلی ماتحت خدمات سلیکشن بورڈ (ڈی ایس ایس ایس بی) اور یونین پبلک سروس کمیشن (ی پی ایس سی) کو اس سلسلے میں امتحان منعقد کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خالی آسامیوں کو جلد سے جلد پر کرنے کے لیے وہ خود نگرانی کر رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ خالی سرکاری عہدوں پر مستقل بھرتی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں۔ اس لیے بھرتی کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ تقرری خط خدمت کرنے کا موقع ہے۔ سرکاری ملازمت صرف ذریعہ معاش نہیں ہے بلکہ یہ لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کا کام ہے۔ سکسینہ نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جب انہوں نے پہلی بار وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی تو انہوں نے کہا تھا کہ سرکاری عہدے بھرے جائیں تاکہ نوجوانوں کو روزگار ملے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سمت میں کام کر رہے ہیں۔