دہلی: راجیہ سبھا کے رکن کپل سبل نے پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا کہ وہ جنتر منتر جائیں اور احتجاج کرنے والی خواتین پہلوانوں کی من کی بات سنیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے اس اقدام سے ظاہر ہوگا کہ پی ایم ان کے درد کو سمجھنے کے لیے تیار ہیں۔ کپل سبل نے سپریم کورٹ میں پہلوانوں کی نمائندگی کی ہے۔ ان کا یہ تبصرہ مودی کے من کی بات ریڈیو پروگرام کے 100ویں ایپی سوڈ کے نشر ہونے کے ایک دن بعد آیا ہے۔ایک ٹویٹ میں سبل نے کہا کہ مبارک ہو مودی جی: آپ کے 100ویں من کی بات کے لیے۔ اگر آپ کے پاس وقت ہے تو آپ جنتر منتر پر جائیں اور احتجاج کرنے والی خواتین پہلوانوں کی من کی بات سنیں۔اس سے ظاہر ہوگا کہ ہمارے وزیر اعظم ان کے درد کو سمجھنے کے لیے تیار ہیں۔
دہلی پولیس نے جمعہ کو ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف سات خواتین پہلوانوں کی طرف سے بی جے پی کے رکن پارلیمان کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات پر دو ایف آئی آر درج کیں۔یہ ایف آئی آر دہلی پولیس کی نمائندگی کرنے والے سالیسٹر جنرل تشار مہتا کے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا کی عدالت عظمیٰ کی بنچ کو بتانے کے چند گھنٹے بعد درج کی گئیں کہ جمعہ کو مقدمہ درج کیا جائے گا۔