بعض علاقے تجاوزات کرنے والوں کے چنگل میں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔سڑکیں گم اور گلیاں غائب ہیں ۔ ایسا ہی ایک علاقہ ہے گاندھی نگر ،جہاں دکانداروں اور ریڑھی پٹری والوں نے تجاویزات سے درمیانی سڑک کو ہی غائب کردیا۔ریڈیمیڈ کپڑے کی مارکیٹ کے طور پر مشہور گاندھی نگر کی مین شاہ راہ پر لوگوں کا چلنا مشکل ہو گیا تھا۔
عوام کی بار بار شکایت پر عوام کو راحت بخشنے کے لیے دہلی میونسپل کارپوریشن اس سلسلے میں کئی بار گمشدہ سڑکوں کو تجاوزات سے آزاد کرانے کے لیے خصوصی مہم چلاتی رہی ہے۔
اسی ضمن میں آج بھی خصوصی ایکشن لیا گیا ۔بڑی پولیس نفری کے ساتھ میونسپل کارپوریشن کے عملہ نے گاندھی نگر مارکیٹ کا دورہ کیا۔ گاندھی نگر پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او انل ملک، نگم کونسلر رمیش گپتا ، ٹریفک پولیس آفیسر پون دیکشت اور متعلقہ محکموں کے دیگر افسران بھی اس میں شامل تھے۔ اس مہم کے دوران مرکزی بازار میں تجاوزات کو ختم کردیا گیا۔