نئی دہلی: ٹویٹر کے سابق سی ای او جیک ڈورسی نے الزام لگایا ہے کہ بھارتی حکومت نے کسانوں کے احتجاج اور مرکز پر تنقید کرنے والے صحافیوں کے حوالے سے ٹوئٹر کو متعدد درخواستیں دیں۔ اس کے بعد دباؤ ڈالا اور ٹویٹر ملازمین پر چھاپہ مارنے کی دھمکی دی۔ ڈورسی نے یہ الزامات 12 جون کو یوٹیوب چینل بریکنگ پوائنٹس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں لگائے۔ انٹرویو کے دوران ڈورسی نے کہا کہ وہ ٹوئٹر کے سی ای او کے طور پر اپنے دور میں غیر ملکی حکومتوں کے دباؤ کا سامنا کر رہے تھے۔
ڈورسی نے کہا کہ کسانوں کی تحریک کے دوران حکومت ہند نے ہم سے بہت سی درخواستیں کی تھیں۔ خاص طور پر حکومت پر تنقید کرنے والے صحافیوں کے اکاؤنٹس کے حوالے سے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت کی طرف سے دھمکی بھی دی گئی کہ ہم بھارت میں ٹوئٹر بند کر دیں گے۔ ہم آپ کے ملازمین کے گھروں پر چھاپے ماریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ اگر آپ ہماری بات نہیں مانیں گے تو ہم بھارت میں آپ کا دفتر بند کر دیں گے۔ ڈورسی نے کہا کہ اور ہم سمجھتے ہیں کہ بھارت ایک جمہوری ملک ہے۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے تجربے کا ترکی سمیت دیگر ممالک سے موازنہ کیا۔
بتادیں کہ فروری 2021 میں کسانوں کے احتجاج کے دوران مرکز نے ٹویٹر سے احتجاج سے متعلق تقریباً 1200 اکاؤنٹس کو ہٹانے کو کہا تھا۔ ان اکاؤنٹس پر مبینہ خالصتان کے حامیوں یا پاکستان کی حمایت کا شبہ تھا۔ ڈورسی نے اس وقت احتجاج کی حمایت کرنے والی کچھ ٹویٹس کو 'پسند' کیا تھا، جس کی وجہ سے ٹوئٹر کی غیر جانبداری پر سوالات اٹھنے لگے۔ وہیں مرکزی وزیر اطلاعات و ٹکنالوجی راجیو چندر شیکھر نے منگل کو ٹوئٹر کے سابق سی ای او جیک ڈورسی کے اس دعوے کی سختی سے تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ جیک کی طرف سے کہا گیا ایک صریح جھوٹ ہے۔ شاید ٹویٹر کی تاریخ کے اس انتہائی قابل اعتراض دور کو مٹانے کی کوشش ہے۔ چندر شیکھر نے کہا کہ کسی نے ٹویٹر پر چھاپہ نہیں مارا، کسی کو جیل نہیں بھیجا گیا اور نہ ہی ملک میں سائٹ کو بند کیا گیا۔
مزید پڑھیں:۔Twitter On Hate Tweets ٹویٹر نے نفرت انگیز ٹویٹس کو بلاک کرنے کا اعلان کیا
ڈورسی کے بیان کے بعد کئی اپوزیشن رہنماوں نے مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انڈین یوتھ کانگریس کے صدر سری نواس بیوی نے ٹویٹر پر انٹرویو کے اقتباسات اس عنوان 'مدر آف ڈیموکریسی - انفلٹرڈ' کے ساتھ شیئر کیے ۔ شیوسینا (یو بی ٹی) کی رہنما پرینکا چترویدی نے الزام لگایا کہ مودی حکومت نے اپوزیشن کو خاموش کرنے کی کوشش کی۔ کسانوں کی حمایت کرنے والوں کی آواز کو دبانے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا استعمال کیا۔