پٹنہ: ریاست بہار کے سابق وزیراعلی جیتن رام مانجھی اور ان کے بیٹے سنتوش کمار سمن عرف سنتوش مانجھی آج دہلی کے دورے پر ہیں۔ پیر کو پٹنہ میں پارٹی کی نیشنل ایگزیکٹو میٹنگ کے بعد آج دہلی کا دورہ بہار کی سیاست کے لحاظ سے بہت اہم مانا جا رہا ہے، کیونکہ آج دونوں رہنما مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں نشستوں کی تقسیم اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
گزشتہ کئی دنوں سے یہ بات چل رہی ہے کہ ہندوستانی عوام مورچہ کا بی جے پی کے ساتھ اتحاد تقریباً طے ہوچکا ہے۔ آج اس پر باضابطہ مہر لگ سکتی ہے تاہم ذرائع کے مطابق نشستوں کے حوالے سے معاملہ ابھی تک معلق ہے۔ مانجھی کی مانگ زیادہ ہے لیکن بی جے پی اس کے لیے تیار نہیں ہے۔ ایسے میں اگر معاملات ٹھیک نہیں ہوتے ہیں تو مانجھی دیگر چھوٹی پارٹیوں کے ساتھ تیسرے محاذ پر بھی کام کر سکتے ہیں۔ تاہم بہار کی سیاست میں اس کی مطابقت نظر نہیں آتی۔