نئی دہلی: وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی نے آج کہا کہ دارالحکومت دہلی میں واقع آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے سرورز پر سائبر حملے کے سلسلے میں نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی نے لوک سبھا میں وقفہ سوال کے دوران کانگریس لیڈر ادھیرنجن چودھری کے سوال کے جواب میں یہ معلومات دی۔ انہوں نے کہا کہ ایمس سرور کا آپریشن اور سیکورٹی ایمس کے ماہرین کرتے ہیں۔ 23 نومبر کو ہونے والے اس سائبر حملے کے بعد سرور متاثر ہوا تھا اور اب سرور معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔ اس معاملے میں دہلی پولیس کی اسپیشل برانچ نے نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ AIIMS cyber attack issue in Lok Sabha
چودھری نے اس کے پیچھے چین اور ہانگ کانگ کے ہیکروں کے رول کے بارے میں پوچھا تھا، جس پرمسٹر مشرا نے کوئی جواب نہیں دیا اور کہا کہ سیکورٹی ایجنسیاں اس کی جانچ کر رہی ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق دہلی پولیس کے انٹیلی جنس اور اسٹریٹجک آپریشن یونٹ (انٹیلی جنس فیوژن اور اسٹریٹجک آپریشنز یونٹ) نے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو خط لکھ کر ایمس کے سرور پرسائبر حملے کے لیے چین اور ہانگ کانگ کے کچھ ای میل آئی ڈی کے آئی پی ایڈریس کے بارے میں انٹرپول سے معلومات حاصل کرنے کی درخواست کی ہے۔