قومی دارالحکومت دہلی میں گزشتہ 15 دسمبر کو متھرا روڈ پر بسوں پر لگائی گئی آگ اور تشدد کے واقعات کے مد نظر دہلی پولیس نے اس کا ذمہ دار کانگریس کے سابق رکن اسمبلی آصف محمد خان کے نام ایف آئی آر درج کیا ہے۔
دہلی: آصف محمد خان پر تشدد بھڑکانے کا الزام اس کے علاوہ دہلی پولیس نے آصف محمد خان کے اوپر یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ جامعہ میں احتجاج کے دوران ہوئے تشدد کے ذمہ دار بھی وہی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 15 دسمبر کی دوپہر تین بجے کچھ مقامی رہنماء جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ کے پاس آئے اور احتجاجی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے نعرے بازی کی جس کے سبب پر امن احتجاج تشدد میں تبدیل ہو گیا۔
سابق رکن اسمبلی آصف محمد خان نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب بی جے پی کے اشارے پر دہلی پولیس سے کرایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اس وقت جامعہ سے بھی کافی دور تھا، یہ سب مجھے ڈرانے کے لیے کیا جا رہا ہے لیکن ہم ہمت نہیں ہاریں گے اور اس کا جواب عدالت میں دیں گے۔