نئی دہلی: بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف محاذ کھولنے والی ساکشی ملک نے پہلوانوں کے تحریک سے دستبرداری کے اعلان کو غلط قرار دیا ہے اور میڈیا میں چل رہی خبروں کی تردید کی ہے۔ ساکشی ملک نے ٹویٹ کرکے اس کی جانکاری دی۔ ساکشی نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ایک پوسٹ شیئر کی ہے۔ اس میں انہوں نے صاف لکھا ہے کہ 'یہ خبر بالکل غلط ہے۔ انصاف کی جنگ میں ہم میں سے کوئی بھی پیچھے نہیں ہٹا ہے اور نہ ہی پیچھے ہٹیں گے۔ ستیہ گرہ کے ساتھ ساتھ میں ریلوے میں اپنی ذمہ داری پوری کر رہی ہوں۔ انصاف ملنے تک ہماری لڑائی جاری رہے گی۔ براہ کرم کوئی غلط خبر نہ پھیلائیں۔' ساکشی ملک نے ایسی خبریں نہ چلانے کی اپیل کی ہے۔
ساکشی ملک کے بعد بجرنگ پونیا نے بھی اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل کے ذریعے پوسٹ شیئر کرکے صحیح معلومات دی ہیں۔ بجرنگ پونیا نے کہا ہے کہ تحریک واپس لینے کی خبریں محض افواہ ہیں۔ یہ خبریں ہمیں نقصان پہنچانے کے لیے پھیلائی جا رہی ہیں۔ ہم نہ پیچھے ہٹے ہیں اور نہ ہی تحریک واپس لی ہے۔ خواتین پہلوانوں کی ایف آئی آر درج کرنے کی خبر بھی جھوٹی ہے۔ انصاف کی فراہمی تک جدوجہد جاری رہے گی۔