نئی دہلی: بی جے پی کے جنرل سکریٹری ترون چُگ نے کہا کہ فاروق عبداللہ 'پاکستان کی دھنوں پر ناچ رہے ہیں'۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ کو بھارت۔پاکستان مذاکرات بند ہونے کے اُن کے ریمارکس پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ، عبداللہ پاکستانی آئی ایس آئی کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں اور حکومت پاکستان کے ترجمان (پی آر او) جیسا برتاؤ کر رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ، پاکستان کے زیر اہتمام عسکریت پسندوں کے ہاتھوں فوجی اہلکاروں کی ہلاکت پر ماتم کرنے اور آئی ایس آئی کے مذموم عزائم کی مذمت کرنے کے بجائے عبداللہ پاکستان کی دھن پر ناچ رہے ہیں۔ ترون چُگ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عبداللہ اور مفتی پاکستان آئی ایس آئی کے کہنے پر کام کرنا چھوڑ دیں اور جموں و کشمیر کو سیاحت اور کمپیوٹر کے ساتھ ترقی کرنے دیں۔
ترون چُگ نے یہ بھی کہا کہ، وزیر اعظم نریندر مودی نے ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے اور جموں و کشمیر میں ترقی ہو رہی ہے اور عبداللہ اور مفتیوں کے لیے اس میں خلل ڈالنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ فاروق عبداللہ نے منگل کو متنبہ کیا تھا کہ سیاسی مذاکرات نہیں ہونے پر یونین ٹیریٹری کا وہی حشر ہوگا جو غزہ کا ہے، جو اسرائیل کے ساتھ جنگ میں ہے۔ انہوں نے بھارت اور پاکستان دونوں کے لیڈروں پر بھی زور دیا تھا کہ وہ بات چیت کے ذریعے اپنے دو طرفہ مسائل کا حل تلاش کریں۔